Ad Code

Ticker

6/recent/ticker-posts

پی ایس ایل 9: میچ 15- کراچی کنگز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ

 

PSL highlights 2024 Islamabad United vs Karachi Kings
PSL highlights 2024 Islamabad United vs Karachi Kings

رواں پی ایس ایل کا 15واں میچ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا گیا۔ کراچی کنگز بھی لاہور قلندرز کے نقش قدم پر چل پڑی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ یہ جلد ہی لاہور کے ہمراہ اس صف میں شامل ہو جائے جس کے متعلق اقبال کہہ گئے تھے کہ

ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے محمود و ایاز

نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز 


میچ کا آغاز ہوا تو شان مسعود نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر میں 27 رنز بنائے اور حنین کی ایک خوبصورت گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ٹم سائفرٹ نے اچھا آغاز لیا لیکن وہ نو گیندوں پر محض آٹھ رنز ہی بنا پائے۔ انہیں عماد وسیم نے اعظم خان کی مدد سے سٹمپ آؤٹ کیا۔ ڈوپلے میں اپنا پہلا میچ کھیلتے ہوئے 15 گیندوں پر 24 رنز کی انتہائی اچھی اور مختصر اننگز کھیلی۔ انہیں اغا سلمان نے کلین بولڈ کر ڈالا۔ 


شعیب ملک اس دفعہ دھاک نہ جما پائے کیونکہ سات گیندوں پر ابھی چھ رنز ہی بنا پائے تھے کہ شاداب کے ہتھے گیند چڑھ گئی اور جب گیند ان کے ہتھے چڑھ جائے تو وہ باولنگ میں معرکے ماریں نہ ماریں، رن آؤٹ تو کسی نہ کسی کو کر ہی چھوڑتے ہیں۔ سو، اس مرتبہ ملک نشانہ بنے۔


نواز بھی محض چھ رنز کے مہمان ہی ثابت ہوئے۔ انہوں نے ٹیسٹ میچ سمجھ کر 11 گیندیں استعمال کیں۔ جس انداز میں وہ آؤٹ ہوئے، یقیناً وہ کنگز انتظامیہ کو یہی پیغام دینا چاہ رہے تھے کہ کسی اور آل راؤنڈر کو آزما دیکھیں ان تلوں میں زیادہ تیل نہیں ہے۔ پولارڈ اور عرفان نیازی نے پچھلے میچ کی طرح اس بار بھی اننگز کو سنبھالا دیا۔ پولاڈ نے 28 گیندوں پر 48 رنز اور عرفان نیازی نے 22 گیندوں پر 27 رنز بنائے تو اننگز کا ٹوٹل کچھ دیکھنے لائق ہوا۔ 


19 اضافی رنزوں کے ساتھ 20 اوورز کا کوٹا مکمل ہوا تو کراچی کنگز والے پانچ وکٹوں کے نقصان پر محض 165 رنز ہی بنا پائے تھے۔ پولارڈ نے مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے 48 رنز سکور کیے جو کہ 171 کے سٹرائیک ریٹ کی مدد سے بنائے گئے تھے۔ اس اننگز میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل رہے۔اسلام آباد کے بولرز نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ عماد وسیم، نسیم شاہ، آغا سلمان اور حنین شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ لیکن کوچنگ سٹاف کو اس معاملے پر بہرحال توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ 19 اضافی رنز کسی بھی میچ کا کبھی بھی پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔

شرطیہ مٹھے بلاگ:

بات پہنچی تیری جوانی تک

ہاں! تو میں کہہ رہا تھا کہ ۔۔۔

بھونڈی

دوسری باری کا آغاز ہوا تو کالن منرو اور ایلکس ہیلز کنگز کے بالرز پر کئی ہفتوں کے بھوکے شیروں کی طرح پل پڑے۔ دونوں اوپنرز نے میچ کو یک طرفہ بنا ڈالا۔ ایلکس ہیلز 35 گیندوں پر 47 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی ایک گیند پر عرفان نیازی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ عماد وسیم سے بیٹنگ فارم بدستور روٹھی ہوئی ہے۔ انہوں نے تبریز شمسی کی ایک انتہائی خراب گیند شان مسعود کے ہاتھوں میں تھما کر پویلین واپسی کا راستہ لیا۔ 


یہ میچ کالن منرو کا تھا۔ انہوں نے 47 گیندوں کا سہارا لیا اور 82 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ انہوں نے جس طرح شمسی کی چائنہ مین باؤلنگ کا توڑ نکالا اور ان کو بنا بنا کر دھویا، وہ گیندیں دیکھنے لائق تھیں۔ جب تک وہ کریز پر موجود تھے ایسا ہی لگ رہا تھا کہ

اسلام آباد دا پاوا

منرو لاوا، منرو لاوا


کولن منرو نے 175 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلتے ہوئے آٹھ چوکے لگائے اور چار فلک شگاف چھکے بھی۔ انہیں اختتامی لمحات میں محمد نواز نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین سدھارا۔ اس کے بعد آغا سلمان اور شاداب خان نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے اپنی ٹیم کو انیسویں اوور کی تیسری گیند پر ہی پار لگا دیا۔ دونوں نے بالترتیب 25 اور 10 رنز بنائے۔ کراچی نے پانچ اضافی رنز دے کر بھی ان کا معاملہ آسان بنایا۔ 


باؤلنگ میں حسن علی، شمسی اور نواز ہی ایک ایک وکٹ حاصل کر پائے۔ باقی باؤلرز نے بس مار کھانے کی ذمہ داری نبھائی۔ اس جیت کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائٹڈ کا پلے آف کا راستہ آسان ہو گیا ہے اور کراچی کنگز نے اپنی راہ میں مزید کانٹے بکھیر لیے ہیں۔

آپ کے ذوقِ سلیم کی نذر:

میرے ندیمؔ

چکوال میں اُردو شاعری کے گاڈ فادر ۔ عابدؔ جعفری

ایشیاء کا پرندہ ۔ عبدالخالق

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے